Friday, July 30, 2010

شیاطین، جنات ، جادو ٹونہ، اور ہر طرح کی پریشانیوں و دکھوں سے نجات کا نہایت آسان نسخہ

موجودہ دور میں بے شمار لوگ دکھ درد و تکالیف، شیاطین و جنات کے اثرات کا ذکرکرتے رہتے ہیں اور پھر پیشہ ور لوگوں کے ہتھے چڑھ کر جو کہ درحقیقت انہی شیاطین ہی کے آلہ کار ہوتے ہیں، مزید مشکلات و پریشانیوں میں گھر جاتے ہیں۔ اور اس طرح سے مسائل بجائے حل ہونے کے اور بڑھ جاتے ہیں۔

حالانکہ اس کا حل بہت ہی سادہ اور آسان اور منطقی ہے۔۔۔۔۔۔ شیطان کا مقابلہ کرنے کا سب سے آسان طریقہ ہے رحمان سے پناہ طلب کرنا۔ جیسے ہی خدانخواستہ کسی پریشانی کا شکار ہوں فورآ گناہوں سے توبہ کر کے رجوع الی اللہ ہو جائیں اور اپنے آپ کو اللہ سبحان و تعالیٰ کی پناہ میں دے دیں۔ اس کے سوا جادو ٹونہ و شیاطین ے مقابلے کا اور کوئی طریقہ نہیں۔ دیکھیے اللہ تعالیٰ نے ہمیں قرآن کریم میں شیطان سے بچاؤ کا کیا طریقہ بتایا ہے کہ کس سے پناہ طلب کرنی ہے، کس سے مدد مانگنی ہے اور کیسے مانگنی ہے:

سو جب تم قرآن پڑھنے لگو تو شیطان مردود سے اللہ کی پناہ مانگ لیا کرو۔ 16 النحل 98

اور کہو کہ اے پروردگار میں شیطانوں کے وسوسوں سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔ 23 المؤمنون 97

اور اے پروردگار اس سے بھی تیری پناہ مانگتا ہوں کہ وہ میرے پاس آ موجود ہوں۔ 23 المؤمنون 98

کہو کہ میں صبح کے مالک کی پناہ مانگتا ہوں۔ 113 الفَلَق 1

کہو کہ میں انسانوں کے پروردگار کی پناہ مانگتا ہوں۔ 114 النَّاس 1

مزید دیکھیے اللہ سبحان و تعالیٰ مثالوں سے بیان کرتے ہیں اللہ کے رسول علیہ اسلام کیسے شیطان مردود کے شر سے بچنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرتے ہیں۔

اور کہنے لگیں میں نے اس کا نام مریم رکھا ہے اور میں اس کو اور اس کی اولاد کو شیطان مردود سے تیری پناہ میں دیتی ہوں۔ 3 آل عمران 36

اور نوح کا قصہ بھی یاد کرو جب اس سے پیشتر انہوں نے ہمیں پکارا تو ہم نے انکی دعا قبول فرمائی اور انکو اور انکے ساتھیوں کو بڑی گھبراہٹ سے نجات دی۔ 21 الانبیآء 76

اور زکریا کو یاد کرو جب انہوں نے اپنے پروردگار کو پکارا کہ پروردگار! مجھے اکیلا نہ چھوڑ اور تو تو سب سے بہتر وارث ہے۔ 21 الانبیآء 89

اور ہم کو نوح نے پکارا سو دیکھ لو کہ ہم دعا کو کیسے اچھے قبول کرنے والے ہیں۔ 37 الصّٰفّٰت 75

اور ہمارے بندے ایوب کو یاد کرو جب انہوں نے اپنے رب کو پکارا اور کہا کہ شیطان نے مجھ کو ایذا اور تکلیف دے رکھی ہے۔ 38 صٓ 41

تو بات روز روشن کی طرح عیاں ہو گئ کہ جب بھی کوئی تکلیف پہنچے یا شیاطین سے خطرہ ہو فورا اللہ سبحان و تعالیٰ سے پناہ طلب کیجئے۔

کوشش کیجیے کہ ہر وقت با وضو رہیے پاک صاف رہیے یاد رکھیے اللہ سبحان و تعالیٰ پاک ہیں اور پاکی کو ہی پسند کرتے ہیں۔

اور رکوع کرنے والوں اور سجدہ کرنے والوں کے لئے میرے گھر کو پاک صاف رکھا کرو۔ 2 البقرۃ 125
اور اللہ پاک رہنے والوں کو پسند کرتا ہے۔ 9 التوبۃ 108

کچھ شک نہیں کہ اللہ توبہ کرنے والوں اور پاک صاف رہنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔ 2 البقرۃ 222

کہ یہ بڑے رتبے کا قرآن ہے۔ ۵۶ الواقعہ ۷۷
جو کتاب محفوظ میں لکھا ہوا ہے۔ ۵۶ الواقعہ ۷۸
اس کو وہی ہاتھ لگاتے ہیں جو پاک ہیں۔۵۶ الواقعہ۷۹

نماز پنجگانہ اپنے وقت پر ادا کیجئے اور نہایت اہتمام سے تلاوت قرآن پاک کیجیے۔ یاد رکھیے ایک افسانے کے پڑھنے اور قرآن کے پڑھنے میں اتنا ہی فرق ہے جتنا ذرہ کو آفتاب سے نسبت ہے۔

پاک صاف اور با وضو ہو کر پڑھیے چاہے بہت ہی تھوڑا پڑھیے مگر پڑھیے ضرور اور کوشش کیجیے ترجمہ و تفسیر پر غور کرتے رہیے اور بار بار پڑھیے، آپ اس کو جتنی بار پڑھیں گے اور جتنے اہتمام سے پڑھیں اس کے مطالب و مفاہیم آپ کو اتنی ہی تیزی سے القا ہوتے رہیں گے۔

اسی سلسلے میں قرآن کی منتخب آیات پر مشتمل منزل پیش کی جارہی ہے جس کو پڑھنا روزمرہ کے معمولات میں شامل کر لیا جائے تو فوائد دوچند اور لازما حاصل ہوں گے، منزل میں آیات کے ساتھ ترجمہ بھی دیا گیا کوشش کیجیے کہ پڑھتے وقت ہر ہر لفظ کا ترجمہ ذہن میں رہے پھر دیکھیے آپ کو کتنی لذت اور سرور حاصل ہوتا ہے ۔زیادہ تر آیات ایسی ہیں جو ایک اوسط درجے کے مسلمان کو زبانی یاد ہوتی ہیں اور معمولی سی کوشش کے ساتھ کوئی بھی ان کو زبانی یاد کر سکتا ہے اور پھر چلتے پھرتے اللہ سبحان و تعالیٰ کے کلام کی تلاوت کیجیے۔

No comments:

Post a Comment

The Secret of happiness | Urdu Subbed Ustadh Abdul Rashid Lecture | خوشی...

خوشی کا راز